جون 17, 2026

انمول پنکی کی سٹی کورٹ میں پیشی خطرناک قرار، سماعت جیل میں ہوگی

952268_97298167

کراچی جنوبی کی عدالت نے حساس مقدمے کی سماعت جیل میں کرنے کا حکم جاری کردیا ہے، سیشن جج کراچی ساؤتھ نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو جیل میں پیش کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ریمانڈ کی کارروائی سینٹرل جیل کمپلیکس میں کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عدالتی حکم کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کو سینٹرل جیل کمپلیکس جا کر ریمانڈ کارروائی انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے، پنکی کے خلاف مقدمہ نمبر 147/2026 تھانہ بغدادی میں دفعہ 302 کے تحت درج ہے۔

عدالت میں پولیس نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر خصوصی درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث سٹی کورٹ میں پیشی خطرناک ہو سکتی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سٹی کورٹ میں عوامی تحفظ متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے، حکم دیا کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کے ریمانڈ کی کارروائی جیل میں کی جائے اور متعلقہ مجسٹریٹس اور تفتیشی افسر کو حکم پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیشن جج ظہور احمد ہکڑو نے اس حوالے سے حکم نامہ جاری کردیا ہے جبکہ درخشاں پولیس نے عدالتی ریمانڈ کے خلاف نظرثانی کی درخواست بھی دائر کردی ہے۔