جون 17, 2026

محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، 7 قسم کی پابندیاں عائد

0

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام، بمطابق 17 جون تا 26 جون، صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل رہے گی، جس کے تحت 7 مختلف قسم کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی جبکہ کسی نئی روایت یا سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دفعہ 144 کے تحت مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، عوامی جذبات، عقائد اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں، اشاروں، بیانات اور تبصروں پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

حکم نامے کے مطابق فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پھیلانے والے مواد اور بیانات کی تشہیر پر بھی دفعہ 144 کا اطلاق ہوگا۔

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں پر واقع مکانات اور دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے، پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا دیگر اشیا جمع کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اسی طرح جلوس کے راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں اور دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ ہوگی، تاہم بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو عوامی آگاہی کے لیے حکم نامے کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے