جون 18, 2026

وزارت داخلہ کی یو اے ای سے پاکستانیوں کی ٹارگٹڈ بے دخلی کی خبروں کی تردید

pakistan-uae

پاکستان کی وزارت داخلہ نے متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی ٹارگٹڈ بے دخلی کی خبروں کی تردید کر تے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کو گمراہ کن قرار دے دیا۔

وزارت داخلہ نے میڈیا اور بالخصوص سوشل میڈیا کے بعض حصوں میں متحدہ عرب امارات سے پاکستانی شہریوں کی مبینہ ٹارگٹڈ بے دخلی سے متعلق خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق کسی بھی ملک بشمول یو اے ای سے پاکستانیوں کی مخصوص بنیادوں پر بے دخلی نہیں کی جا رہی۔ اگر کہیں ڈی پورٹیشن ہو رہی ہے تو وہ میزبان ملک کے قوانین، ویزا کی مدت ختم ہونے یا غیر قانونی دستاویزات کی بنیاد پر ایک معمول کا عمل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری بدستور یو اے ای اور دیگر دوست ممالک کا سفر کر رہے ہیں اور ورک ویزا حاصل کر رہے ہیں اس حوالے سے کسی قسم کی امتیازی پالیسی موجود نہیں۔

وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں جن کا مقصد گمراہ کن تاثر پیدا کرنا ہے۔ کسی بھی پاکستانی شہری کے معاملے کو متعلقہ ملک کے ساتھ سفارتی چینلز کے ذریعے انفرادی بنیاد پر اٹھایا جاتا ہے۔