پشاور زلمی کی ٹیم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کی چیمپئن بن گئی۔
لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پشاورزلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پشاور زلمی نے2017میں بھی ٹائٹل جیتا تھا۔
قبل ازیں حیدرآباد کنگز مین کی پوری ٹیم 18 اوورز میں محض 129 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ 130 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے15.2اوور میں حاصل کیا، پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو5وکٹ سے ہرادیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 56اور عبدالصمد نے48رنز اسکور کئے، بابر اعظم صفر، محمد حارث6اور کوشال مینڈس9رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ حیدرآبادکنگزمین کے بولرمحمد علی نے3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کپتان حیدرآباد کنگز مین مارنس لبوشین نے 20 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی بڑی باری لینے میں ناکام رہے۔ سب سے زیادہ رنز اوپنر صائم ایوب نے بنائے، جنہوں نے 54 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈ نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ باؤلر ناہید رانا نے بھی اپنی رفتار کا جادو جگایا اور 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسپنر سفیان مقیم اور محمد باسط نے بھی نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے کنگز مین کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور بالترتیب ایک اور 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس کے موقع پر کپتان پشاور زلمی بابراعظم نے کہا کہ کافی اچھا احساس ہے لاہور میں ہمیشہ ہی بہت سپورٹ ملی، کوشش کریں کے فینز کو انٹرٹین کریں گے، اپنے پلان پر عمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، بطور ٹیم اچھی پرفارمنس دکھانا ٹارگٹ ہے۔
کپتان حیدرآباد کنگز مین مارنس لبوشین نے کہا کہ احساس بہت اچھا ہے، پی ایس ایل میں کافی اچھے دن گزرے، پہلا پی ایس ایل اور پہلا فائنل بہت پرجوش ہیں۔
فائنل میچ کے ٹاس سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف فنکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور شائقین کرکٹ کو محظوظ کیا۔
پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزرا نے بھی شرکت کیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات عطاتارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی شاندار تقریب دیکھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے فائنل میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں، جس کے باعث آج قذافی اسٹیڈیم میں شائقینِ کرکٹ کی بھرپور موجودگی کے ساتھ مکمل گنجائش کے مطابق ہاؤس فل ہوگا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج رات لاہورمیں بارش کی پیشگوئی کی ہے، آج رات تیزآندھی اورگرج چمک کےساتھ بارش کاامکان ہے،بارش پی ایس ایل فائنل میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل دیکھنے قذافی اسٹیڈیم لاہور پہنچ گئے۔ وزیرِاعظم نے فائنل مقابلے میں شامل دونوں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور دیگر وزرا بھی موجود تھے۔
قذافی اسٹیڈیم آمد پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے ہمراہ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ میچ کے آغاز سے قبل وزیرِاعظم اور چیئرمین پی سی بی نے ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ یادگاری تصویر بھی بنوائی۔
اس موقع پر وفاقی وزراء عبد العلیم خان، عطا اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، رانا مبشر اقبال اور معاونِ خصوصی طلحہ برکی بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیرِاعظم نے دونوں ٹیموں کی فائنل تک پہنچنے کے لیے کی جانے والی محنت اور لگن کی تعریف کی۔