جون 18, 2026

چیف جسٹس سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات ،عدالتی اصلاحات پر تبادلہ خیال

951164_14926722

سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق یورپی یونین کے وفد کی قیادت سفیر ریمونڈس کاروبلس نے کی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالتی نظام کو شفاف، تیز اور عوام دوست بنانے کیلئے اصلاحات سے آگاہ کیا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے ٹیکنالوجی پر مبنی عدالتی اصلاحات اور انصاف تک آسان رسائی سے آگاہ کیا اورکمرشل تنازعات کے فوری حل اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کیلئے متبادل تنازعاتی نظام پر زور دیا۔

اِسی طرح اُنہوں نے خواتین کیلئے ویمن فیسلیٹیشن سینٹرز کے قیام کے منصوبے سے آگاہ کیا جب کہ جبری گمشدگیوں سے متعلق ادارہ جاتی ردعمل اور عدالتی آزادی کے تحفظ پر بھی گفتگو کی۔

دوسری جانب یورپی یونین نے عدلیہ کی شفافیت، احتساب اور قانون کی حکمرانی کیلئے اقدامات کو سراہا، ملاقات میں انسانی حقوق، عدالتی کارکردگی اور جامع طرز حکمرانی کے فروغ پر اتفاق ہوا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے یورپی یونین کے وفد کو خیرسگالی کے طور پر یادگاری شیلڈ پیش کی۔