جون 17, 2026

ڈیزل مہنگا، ماہی گیروں کیلئے 51 کروڑ سے زائد سبسڈی پیکج کا اعلان

fishing-reforms

سندھ حکومت نے ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے متاثرہ ماہی گیروں کیلئے 51 کروڑ 50 لاکھ روپے کے ایندھن سبسڈی پیکج کا اعلان کر دیا۔

وزیر فشریز محمد علی ملکانی نے سجاول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ کے ایندھن اخراجات پورے کرنے کیلئے ایک بار مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مچھلی کے شکار میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ہزاروں ماہی گیروں کا روزگار بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

محمد علی ملکانی کے مطابق 9 ہزار 634 رجسٹرڈ کشتی مالکان کو مالی امداد دی جائے گی، بڑی کشتیوں کے مالکان کو فی کشتی 2 لاکھ روپے جبکہ چھوٹی کشتیوں کے مالکان کو ایک لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔

وزیر فشریز نے بتایا کہ سبسڈی کی رقم ڈیجیٹل نظام کے تحت شفاف انداز میں تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے ماہی گیروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن لازمی قرار دیتے ہوئے کراچی فشریز ہاربر اتھارٹی سے منسلک ہونے کی ہدایت بھی کی۔