جون 17, 2026

امریکی بمبار طیارہ B-52 اسٹریٹوفورٹریس کریش، عملے کے تمام 8 افراد جاں بحق

0

 

کیلیفورنیا میں ایک بڑا فضائی حادثہ پیش آیا، جہاں  B-52اسٹریٹوفورٹریس بمبار طیارہ معمول کے ٹیسٹ مشن کے دوران ٹیک آف کے چند لمحوں بعد گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام آٹھ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حادثہ پیر کی صبح تقریباً 11 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثے میں کسی کے زندہ بچنے کے امکانات نہیں ہیں، تاہم ریسکیو اور امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور تمام اہلکاروں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

حادثے کے بعد سامنے آنے والی فضائی تصاویر میں جائے وقوعہ سے گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے، جبکہ طیارہ تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا۔ رن وے کے قریب ہنگامی گاڑیوں اور امدادی عملے کی بڑی تعداد تعینات رہی۔ امریکی فوج نے فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا کہ آیا طیارہ کسی قسم کے اسلحے یا حساس سامان سے لیس تھا یا نہیں۔

حادثے کے بعد ایڈورڈز ایئر فورس بیس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا اور تمام آنے والی پروازوں کا رخ دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔ حکام نے غیر تجارتی وزیٹر پاسز بھی معطل کر دیے تاکہ تمام وسائل ہنگامی ردعمل اور تحقیقات پر مرکوز رکھے جا سکیں۔

فضائی حادثات کے ماہر اور سابق امریکی تحقیقاتی اداروں کے افسر جیف گوزیٹی کے مطابق ابتدائی طور پر یہ واقعہ پرواز کے کنٹرول سسٹم میں خرابی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ ان کے بقول ٹیک آف کے فوراً بعد طیارے کا گر جانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کسی تکنیکی خرابی، انجن فیل ہونے، فلائٹ کنٹرول سسٹم میں نقص یا زیرِ آزمائش کسی نئے آلات کی ناکامی نے حادثے میں کردار ادا کیا ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے